ریاض (آئی این پی ) سعودی عرب کے اسکولوں میں طالب علم اگر بغیر بتائے زیادہ دن تک غیر حاضر رہے تو ان کے والدین کو جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔ سعودی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مملکت میں اگر بچہ اسکول سے بغیر کسی ٹھوس وجہ کے 20 دن تک غیر حاضر رہا تو اس کی سزا اس کے والدین کو ملے گی۔ سعودی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق والدین کا غیر موجودگی کے بارے میں لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے اور کوئی خاطر خواہ جواب نہ دینے پر اسکول انتظامیہ تعلیمی بورڈ کو شکایت کرنے کی اہل ہوگی جس کے بعد والد ین کو مملکت کے چائلڈ پروٹیکشن قانون کے تحت پبلک پراسیکیوشن کے ذریعے انکوائری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پراسیکیوٹر تفتیش مکمل کرنے کے بعد کیس کو عدالت میں پیش کرے گا جہاں جج کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ والدین کے خلاف مناسب مدت کی جیل کی سزا جاری کرے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ اقدام نئے تعلیمی سال میں 'مثالی مطالعہ' کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ مذکورہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد تعلیمی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
سعودی سکول والدین