لاہور(کلچرل رپورٹر) سجادہ نشیں حضرت میراں حسین شاہ زنجانی وحضرت یعقوب حسین شاہ زنجانی پیر سید ہاشم علی شاہ زنجانی نے کہا ہے کہ اللہ کے قرآن اور رسول اللہؐکے فرمان پر عمل پیرا ہو جائیں تو کبھی گمراہ نہیں ہوں گے۔اللہ کے ولیوں نے اپنی زندگیاں مخلوق خدا کی بھلائی اور اللہ کی بندگی کرتے ہوئے گزاریں۔یہ وہی لوگ ہیں جن پر اللہ تعالیٰ نے اپنا انعام فرمایا ہے اور قرآن پاک کی سورۃ فاتحہ میں بھی اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہی دعا کرنے کا حکم فرمایا ہے کہ اے اللہ ہمیں ان لوگوں کے راستے پر چلا جن پر تونے اپنا انعام فرمایا ہے ناکہ گمراہ لوگوں کا۔ پیر سید ادریس شاہ زنجانی کا کہنا تھا کہ حضرت محمدؐ اللہ کے آخری نبی اور رسولؐ ہیں چونکہ ان کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔ اس لئے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قرآن کریم کا پیغام عام کریں۔ لوگوں کی احادیث مبارکہ کی روشنی میں رہنمائی کریں۔تاکہ اللہ اور اس کا رسولؐ ہم سے راضی ہو جائیں اور ہماری دنیا اور آخرت سنور جائے۔