لاہور(کامرس رپورٹر )سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے پاکستان کی پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے افریقہ کی 4 ٹریلین ڈالر کی مارکیٹ میں دستیاب وسیع مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ گزشتہ روز ’’افریقہ کا وسیع پوٹینشل اور پاکستان‘ ‘کے موضوع پر گول میز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ زمین کے کل معدنی ذخائر کا 30 فیصد براعظم افریقہ میں ہے اور ایک ایسے وقت میں جب توانائی کیلئے معدنی ذخائر کی اہمیت بڑھ رہی ہے افریقہ میں اس شعبے میں بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے اس لئے ہم اس براعظم سے لاتعلق رہنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے افریقی ممالک کے ساتھ شراکت داری کی صلاحیت سے استفادہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ اپنے اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو متنوع بنانا چاہتا ہے بر اعظم افریقہ میں اس کیلئے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔