کراچی (نوائے وقت رپورٹ +نیٹ نیوز) پولیس نے کراچی شہر میں کریک ڈائون کرکے تحریک انصاف کے 60 سے زائد رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ پی ٹی آ ئی نے نرسری سے مزار قائد تک بائیک ریلی نکالنے کے اعلان کیا تھا۔ نرسری سے ریلی کا آغاز ہوا خدادا چورنگی کے قریب جب بائیک ریلی پہنچی تو پولیس نے کارکنوں کو آگے جانے سے روک دیا۔ پولیس نے لاٹھی چارج کرکے کارکنوں کو منتشر کردیا اور کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا جبکہ دیگر کارکن مزار قائد پہنچ گئے جہاں پو لیس نے ایک بار پھر کا رروائی کرتے ہو ئے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ایک گھنٹے تک نمائش چورنگی پرتحریک انصاف اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جا ری رہا ۔ پو لیس کا کہنا ہے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی گئی جس پر کاروائی کی ۔تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیرزمان سمیت متعدد اہم رہنما ریلی میں شریک نہیں ہوئے۔ ملیر پولیس نے بن قاسم، قائد آباد اور شاہ لطیف میں کارروائیاں کرتے ہوئے تحریک انصاف کے 12 کارکنوں کو حراست میں لیا۔ ایسٹ زون پولیس نے خداداد کالونی، نمائش، شاہراہ فیصل، کارساز، گلستان جوہر، جمشید روڈ، گلشن اقبال کے علاقوں سے ریلیاں نکالنے والے پی ٹی آئی کے 32 کارکنوں کو حراست میں لیا۔ کورنگی پولیس نے بھی تحریک انصاف کے 11 کارکنوں کو حراست میں لیا ۔ سینٹرل پولیس نے عائشہ منزل، نارتھ کراچی ، ناظم آباد میں کریک ڈائون کرکے تحریک انصاف کے پانچ کارکنوں کو تھانے منتقل کیا۔تحریک انصاف نے بجلی کے بلوں کے خلاف ریلی نکالی۔ خواتین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد مزار قائد پہنچی جبکہ پی ٹی آئی کی بائیک ریلی بھی شاہراہ قائدین پر پہنچی۔پولیس نے شاہراہ قائدین پر نکالی جانیوالی ریلی پر لاٹھی چارج کربھی کیا۔