اسلام آباد(نا مہ نگار)صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان ،شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ بجلی ،پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے مزدور کو دو وقت کی روٹی کا محتاج بنا دیا ہے ۔ اس قیامت خیز مہنگائی نے ملک کے محنت کش طبقے کا جینا دوبھر کر دیا ہے ۔ اس لیے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان 2مئی کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔ اس دن بازاروں میں مزدور ریلیاں منعقد کریں گے ۔ اور پورے ملک میں مہنگائی کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے ۔ صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان نے نگران وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بجلی کے بلز معاف کرنے کے احکامات جاری کریں۔ اور مہنگائی کے جن کو قابو کرکے بوتل میں بند کریں۔ ایک طرف ملک میں کم سے کم اجرت کے قانون پر عمل درآمد نہیں ہو رہا جبکہ مہنگائی نے لوگوں کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے ۔
بجلی ،پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے دو وقت کی روٹی کا محتاج بنا دیا ،شمس الرحمن سواتی
Aug 28, 2023