اسلام آباد(خبرنگار)آل پاکستان انجمن تاجراں اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ اگر بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ واپس نہ لیا گیا تو 29 اگست کو اسلام آباد/ راولپنڈی سمیت پاکستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو 31 اگست بروز جمعرات ملک بھر میں شٹر ڈان ہڑتال ہوگی ۔ پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ انجمن تاجران پنجاب کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے صدر طارق جدون - سیکرٹری اطلاعات خالد چوہدری ۔ جی ٹین کے مرکز کے صدر اخلاق عباسی ۔ جی الیون مرکز کے صدر نعیم اختر اعوان - سپر مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری ثاقب عباسی۔ جی ٹین فور کے صدر ظفر اقبال گجر ، جنرل سیکرٹری عثمان خان ۔ پی ڈبلیو ڈی مارکیٹ کے صدر چوہدری ریاست۔ جی ٹین مرکز کے جنرل سیکرٹری ملک نعیم اقبال ۔ ای الیون مرکز کے صدر ظاہر عباسی ۔ ڈی بارہ مرکز کے صدر محمد نعمان ،بھارہ کہو کے مرکزی صدر راجہ زاہد دانیال سٹیل مارکیٹ کے صدر عرفان چوہدری، نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر سجاد عباسی اور تقریبا تمام مارکیٹوں کی نمائیندگی موجود تھی ۔ اجمل بلوچ نے مزید کہا کہ حکومت کو اپنے اخراجات کم کرنے کی ضرورت ہے ۔ نگران سیٹ اپ صاحب حیثیت لوگوں پر مشتمل ہے سرکاری گاڑیوں کا استعمال بند کرکے ذاتی گاڑیاں استعمال کریں۔ حکومت نے واپڈا افسران کی مفت بجلی کی سہولت واپس لینے کا عندیہ دیا ہے جو کہ ٹوٹل کا صرف 5 فی صد ہیں تمام سرکاری ملازمین کے ساتھ یکساں سلوک کرتے ہوئے مفت بجلی - مفت پٹرول اور دیگر مراعات واپس لی جائیں۔ بجلی کے بلوں میں اتنے ٹیکس لگا دیئے گئے ہیں جو ہمیں پتہ ہی نہیں ٹیکس کی مجموعی رقم پر بھی ٹیکس لگایا گیا ہے ۔