حضرو ( نمائندہ نوائے وقت )جماعت اسلامی تحصیل حضرو کے زیر اہتمام جماعت اسلامی پاکستان کے یومِ تاسیس کے موقع پر جماعت اسلامی ضلع اٹک کے سابق امیر حاجی مجدد خان مرحوم کی یاد میں مرکز اسلامی جامع مسجد دارالاسلام چھچھ انٹر چینج حضرو ضلع اٹک میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین میں امیر جماعت اسلامی پنجاب (شمالی) ڈاکٹر طارق سلیم، صوبائی سیکرٹری جنرل و امیدوار حلقہ این اے 49 اقبال خان، امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک سردار امجد علی خان، سابق امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک ناصر اقبال خان، سابق چیئرمین یونین کونسل شینکہ و نائب امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک و امیدوار حلقہ پی پی 1 مولانا حافظ جابر علی خان، امیر جماعت اسلامی تحصیل حضرو محمد عثمان ملک، الخدمت فاؤنڈیشن ضلع اٹک کے سابق صدر و ضلع کے معروف سرجن ڈاکٹر نور حسین ملک، گورنمنٹ شجاع خانزادہ شہید ڈگری کالج حضرو کے سابق پرنسپل پروفیسر محمد ذکریا، معروف عالم دین شیر محمد خان، اسٹیج سیکرٹری نائب امیر جماعت اسلامی تحصیل حضرو حمید حیدر اعوان، امیر جماعت اسلامی حضرو شہر اعجاز حسین، چھچھ محافظ کمیٹی کے ذمہ دار و ضلعی راہنما پاکستان پیپلزپارٹی نصیر خان جدون و دیگر نے خطابات کئے اور کہا کہ لوگ اچھے انسان کی تعریف کرنے کے لئے اسکی موت کا انتظار کرتے ہیں۔ مقررین نے ضلع بھر میں حاجی مجدد خان مرحوم کی اعلائے کلمۃ اللہ کی کاوشوں و خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے آخری دم تک نظام مصطفے کے نفاذ کیلئے اپنا فریضہ نبھانے کا مشن جاری رکھا ،مقررین نے کہا کہ اس وقت مہنگائی سے عاجز لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں ملک معاشی طور پر مشکل موڑ پر کھڑا ہے لحمہ فکریہ ہے کہ لوگ وطن سے دور روزی کی تلاش میں جاتے ہوئے کشتیوں میں ڈوب کر موت کو گلے لگا رہے ہیں قوم فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ رعایا کی مفلسی بھوک تڑپ کا روز محشر حکمرانوں کو اللہ کی عدالت میں جواب دینا ہو گا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہوا ہے تقریب کے آخر میں مرحوم حاجی مجدد خان کی بلندی درجات، ملکی ترقی و سلامتی، قوم کی خوشحالی کے لئے سابق چیئرمین یونین کونسل شینکہ و امیدوار حلقہ پی پی 1 مولانا حافظ جابر علی خان نے خصوصی دعا کی۔