سردار ظہور اقبال نے پیرس کے خوبصورت دریائے سین میں رواں بحری جہاز پر شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔
سی ای او شمع گروپ انٹرنیشنل نے شمع گروپ کی بیسویں سالگرہ لہروں پر رواں بحری جہاز میں منائی۔
منفرد انداز کی پروقار تقریب میں سفیر پاکستان ، کمیونٹی راہنماؤں اور دیگر کمیونیٹیز نے بھرپور شرکت کی۔
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے )
فرانس کے معروف بزنس مین ، چئیرمین پاکستان بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال کی کمپنی شمع فوڈ انٹرنیشنل کے 20 سال مکمل ہونے پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یہ منفرد اور پروقار تقریب پیرس کے تاریخی دریائے سین کی لہروں پر رواں دواں ایک بحری جہاز پر کی گئی۔ اس انوکھی اور شاندار تقریب میں سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد ، معروف اینکر سہیل وڑائچ ، فرانس کی کاروباری شخصیات ، مختلف بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کے ذمہ داران اور پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات شامل تھیں ، مہمانوں کا استقبال پھولوں کے گلدستوں سے کیا گیا۔سردار ظہور اقبال نے سفیر پاکستان کا مہمانوں سے تعارف کرایا۔ دریائے سین کے کنارے خوبصورت مناظر، غروب ھوتے آفتاب کی کرنوں اور سورج کی کم روشنی میں ایفل ٹاور نے ایک دلکش انداز اختیار کر لیا تھا۔
شمع گروپ کی جانب سے شاندار کارکردگی پر ان کے کلائنٹس میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں - بحری جہاز پر شمع انٹرنیشنل کی 20 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا-
سردار ظہور اقبال نے کہا کہ میرے کاروبار کی کامیابی میں اللہ تعالیٰ کا کرم اور میری فیملی کا اہم ترین کردار ہے اور میں اپنی فیملی اور تمام کلائنٹس کا شکر گزار ہوں۔ سفیر پاکستان عاصم افتخار نے کہا کہ فرانس کے ساتھ پاکستان کی تجارت دو ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ سردار ظہور جیسے بزنسمین ہمارا اثاثہ ہیں۔ سردار ظہور اقبال نے تمام معزز مہمانوں کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا- مہمانوں کی تواضع پاکستان کے روایتی لذیذ کھانوں سے کی گئی-