لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بلامقابلہ نئے چیئرمین منتخب ہوگئے۔آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین گریگ بارکلے کے عہدے کی مدت رواں سال نومبر میں ختم ہو رہی ہے، گریگ بارکلے کی مدت ختم ہونے سے قبل بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کو آئی سی سی کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔آئی سی سی کے مطابق جے شاہ یکم دسمبر سے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔وہ آئی سی سی کے کم عمر ترین چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔27اگست تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکتے تھے تاہم کوئی امیدوار میدان میںنہیں آیا ۔35سالہ جے شاہ نے کہا ہے کہ میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے چیئرمین کے طور پر نامزدگی سے خوش ہوں۔ میں کرکٹ کو مزید عالمگیر بنانے کیلئے آئی سی سی ٹیم اور اپنے رکن ممالک کیساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔ اپنے مارکی ایونٹس کو نئی عالمی منڈیوں میں متعارف کرانا بہت ضروری ہے۔