ؒلاہور (نامہ نگار) محکمہ داخلہ پنجاب نے بھکاری مافیا کے گرد شکنجہ سخت کر دیا،انسداد گداگری کے قانون میں ترامیم منظورکر لی گئی جس کے تحت بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب کابینہ نے دی پنجاب ویگرینسی آرڈیننس 1958میں اہم ترامیم منظور کر لیں۔کسی ایک شخص سے بھیک منگوانے والے مافیا چیف کو 3سال قید اور 1لاکھ سے 3لاکھ جرمانہ یا دونوں ہوں گے، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید کی سزا ہوگی۔ ایک سے زائد لوگوں سے بھیک منگوانے والے کو 3سے 5سے سال قید اور 3سے 5 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہونگے۔ بچوں سے بھیک منگوانے والے مافیا چیف کو 5سے 7 سال قید اور 5 لاکھ سے 7 لاکھ جرمانہ ہوگا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 1 سال قید کی سزا ہوگی۔ کسی بچے یا بڑے کو جبری معذور کر کے بھیک منگوانے والے کو 7سے 10سال قید اور 10لاکھ سے 20 لاکھ جرمانہ ہوگا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مافیا لیڈر کو مزید 2سال قید کی سزا ہوگی۔ ایک بار سزا پانے والا شخص اگر جرم دہرائے گا تو آرڈیننس میں دی گئی سزا سے دوگنی سزا اور جرمانہ ہوگا۔