پی ایچ اے نے انڈرپاسز‘ پلوں کی نیلامی سے آمدن کا منصوبہ تیار کرلیا  

لاہور(نیوز رپورٹر)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے لاہور کے انڈر پاسز اور پیدل چلنے والوں کیلئے بنائے گئے اوور ہیڈ پلوں کو منافع بخش بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس منصوبہ سے پی ایچ اے کو آٹھ کروڑ سے زائد آمدن حاصل ہو گی۔   ایک جاری بیان میں ترجمان نے بتایا ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر وٹو کی ہدایت پر پی ایچ اے نے انڈر پاسز اور پیدل چلنے والوں کیلئے بنائے گئے پلوں سے آمدن کے حصول کیلئے انہیں لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔لاہور کے 11 انڈرپاسز کو کاروباری تشہیر کیلئے نجی اداروں کو لیز پر دیا جائیگا۔ ان   میں ڈاکٹرز ہسپتال، جناح ہسپتال، پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس، دھرم پورہ، مسلم ٹاؤن، فیروزپور روڈ، فارمن کرسچن کالج، جیل روڈ، مال روڈ، گلاب دیوی اور فردوس مارکیٹ کے انڈرپاسز شامل ہیں۔ گیارہ پل بھی لیز پر دیئے جائیں گے جن میں کینال روڈ، سید مراتب علی روڈ، چار نمبر گیٹ پنجاب یونیورسٹی، جناح ہسپتال، وفاقی کالونی، جوہر ٹاؤن ایچ بلاک، ایوان قائداعظم اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے پل شامل ہیں۔ واضح رہے پی ایچ اے نے مالی سال 24-2023 میں اڑھائی ارب روپے کا تاریخی منافع حاصل کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن