لندن (انٹر نیشنل ڈیسک) دنیا کے سب سے بڑے سٹریٹ فیسٹول نوٹنگ ہل کارنیول کے دوران شرکا پر چاقو سے حملوں کے واقعات پیش آئے، جس میں 8 افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے سیکڑوں افراد کو گرفتار کرلیا۔ خبر ایجنسی لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے بتایا کہ برٹش ایفرو-کیربئین شناخت کے تین روزہ جشن نوٹنگ ہال کارنیول کے آخری روز چاقو کے حملوں میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ اتوار کو حملوں میں 3 افراد زخمی ہوگئے تھے اور ان حملوں میں زخمی ہونے والے تینوں افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پیر کو کارروائی کے دوران 230 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں سے 49 کے پاس اسلحہ تھا۔