اسلام آباد‘ بیجنگ‘ واشنگٹن ‘ برسلز (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) چین نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان سے سکیورٹی تعاون بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ، ہم دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت اور ان حملوں میں جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف مضبوط کھڑا ہے۔ ہم انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو آگے بڑھانے، سماجی یکجہتی اور استحکام کو برقرار رکھنے اور لوگوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ چین پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے اور خطے میں امن و سلامتی کے مشترکہ تحفظ کے لیے تیار ہے۔ دریں اثناء چین کے مقبول اخبار بیجنگ ڈیلی نے بھی پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات پر بھی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان کے بیان کو نمایاں کوریج دی۔ علاوہ ازیں امریکہ نے بلوچستان میں ہونے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اسلام آباد میں موجود امریکی سفارتخانے کے ترجمان جوناتھن لالی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان میں حملوں کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور عوام کو نشانہ بنایا گیا‘ ہمارے دل ان حملوں میں جاں بحق افراد کے خاندانوں اور پیاروں کے لئے غمزدہ ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ دریں اثناء یورپی یونین نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے۔ ترجمان یورپی یونین خارجہ امور اور سکیورٹی پالیسی نبیلہ مسرالی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی اور تشدد کی کسی بھی صورت میں کہیں جگہ نہیں اور یہ جمہوریت کی بنیادوں کیلئے خطرہ ہیں۔ ترجمان نبیلہ مسرالی نے کہا کہ ہماری ہمدردی دہشت گرد حملے میں متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہے۔ دریں اثناء سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس نے کہا کہ بلوچستان میں حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ شہریوں کے خلاف دہشتگرد حملے ناقابل قبول ہیں۔ حملے میں متاثر ہونے والوں سے ہمدردی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان حملوں کی تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ علاوہ ازیں روس اور ترکیہ نے بلوچستان میں دہشتگرد حموں میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔