لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز ہر کمزور طبقے کی آواز بن گئیں، سپیشل افراد کے لئے ہمت کارڈ کا وعدہ بھی پورا کر دیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی موجودگی میں محکمہ سوشل ویلفیئر اور بنک آف پنجاب کے درمیان ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ ایم او یو پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود اور بنک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے دستخط کئے۔ بنک آف پنجاب65ہزار سپیشل افراد کو اے ٹی ایم کارڈ جاری کرے گا۔ پنجاب بھر میں سپیشل افراد کو ہمت کارڈ کے ذریعے ہر سہ ماہی میں 10500 روپے ادا کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 40ہزار اور دوسرے مرحلے میں 25 ہزار افراد کو ہمت کارڈ جاری ہوں گے۔ مستحق خصوصی افراد کے لئے ہمت کارڈ میں خواتین کے لئے 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ مستحق خصوصی افراد کی معاونت کے لئے مخصوص ہیلپ لائن 1312 بھی قائم کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہمت کارڈ کے ذریعے 15 ستمبر تک ادائیگی شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ مستحق خصوصی افراد کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے۔ سپیشل افراد ہمارے لئے بہت ہی خاص ہیں۔ مریم نواز نے ظفر وال میں پتنگ بازی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلی نے زخمی شہری کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ مریم نواز نے ایران میں زائرین کی ایک اور بس کے حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ہمت کارڈ ایم او یو پر دستخط، 15 ستمبر سے مستحق خصوصی افراد کو ہر سہ ماہی 10500 روپے ملیں گے: مریم نواز
Aug 28, 2024