مسجد اقصیٰ میں یہودی عبادت گاہ بناؤں گا: اسرائیلی وزیر، بیان شدت پسندی

تل ابیب، مقبوضہ بیت المقدس، ریاض (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے ایک بار پھر یہودیوں کو اکسایا کہ احاطے میں داخل ہوکر علی الاعلان اپنی عبادات کریں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اور انتہا پسند یہودی رہنما ایتمار بن گویر نے پولیس کے حصار میں مسجد اقصیٰ کا دورہ کیا۔ اسرائیلی وزیر نے اپنی سابق روش کو برقرار رکھتے ہوئے تنازع کو مزید ہوا دی اور ایک سوال کے جواب میں مسجد اقصیٰ میں یہودی عبادت گاہ بنانے کے منصوبے کا اعتراف کیا۔ جبکہ سعودی عرب سمیت فلسطین اتھارٹی اور دیگر مسلم ممالک نے اسرائیلی وزیرِ قومی سلامتی ایتمار بن گویر کے مسجد اقصیٰ میں یہودی عبادت گاہ کے قیام کی دھمکی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے خطے میں اشتعال انگیزی پھیلانے اور تنازعہ کو ہوا دینے کے مترادف قرار دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے اسرائیلی وزیر کے بیان کو شدت پسندی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے اور اشتعال انگیزی پر مبنی بیان کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مسجد اقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کا احترام کرنے پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کو درپیش انسانی المیے کی روک تھام اور وہاں بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزیوں پر اسرائیل سے پوچھ گچھ کے لیے سنجیدہ طریقہ کار کو فعال بنائیں۔ فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نبیل ابو رودینہ نے اسرائیلی وزیر کے متنازع بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ کے تقدس اور حیثیت کو کم کرنے کے کسی بھی اقدام کا مقصد خطے کو ایک ایسی جنگ میں گھسیٹنا ہے جو سب کچھ جلا کر رکھ دے گی۔ اردن نے کہا کہ اسرائیلی وزیر کا بیان بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور ناقابل قبول اشتعال انگیزی ہے۔ دریں اثنا ترکیہ، انڈونیشیا، ملائیشیا، خلیجی ریاستوں اور پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک نے بھی اسرائیلی وزیر کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دوسری جانب غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں مزید 9 فلسطینی شہید ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق یرموک سٹریٹ پر واقع عمارت پر حملے میں 5 فلسطینی شہید ہوئے۔ جفا سٹریٹ پر حملے میں 4 فلسطینی شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ مصر نے کہا کہ فلاڈیلفیا راہداری کے ساتھ اسرائیلی فوج کی مسلسل موجودگی قبول نہیں کرے گا۔ یورپی یونین خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے کہا پولیو وائرس غزہ کے ہر بچے کیلئے خطرہ ہے، تین روزہ جنگ بندی کی جائے۔ پولیو ویکسین کی پہلی کھیپ غزہ پہنچ گئی۔ 6 لاکھ 40 ہزار سے زائد بچوں کو ضرورت ہے ۔اسرائیلی میڈیا نے کہا ہے کہ یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول سکتے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکومت مسجد اقصیٰ پر دھاوے کو فنانس کرے گی۔ وزارت میراث 5 لاکھ 45 ہزار امریکی ڈالر مختص کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن