مقبوضہ کشمیر: محاصرے، تلاشی کارروائیاں جاری، مزید 8 نوجوان گرفتار

Aug 28, 2024

سرینگر (کے پی آئی) سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی آپریشن جاری ہیں ،ان کارروائیوں میں مختلف علاقوں سے کم از کم آٹھ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ فوجیوں نے ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران تین نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ ایک اور کارروائی میں بھارتی فوجیوں نے ضلع کٹھوعہ کے علاقے بلاور میں چار افراد کو گرفتار کیا جبکہ ضلع ادھم پور کے علاقے بسنت گڑھ سے ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا۔جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر ایک جیل ہے اور ہم سب اس میں قید ہیں۔ بھارت کی غلامی سے مکمل آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ یہ ایک مذہب یا فرقے کی نہیں بلکہ متنازعہ خطہ کے تمام لوگوں کی مشترکہ تحریک ہے۔ ہمارے پرامن پروگراموں کو قابض فوج اور ان کے مقامی ایجنٹ طاقت اور دھونس دبا سے روک کر خود ہی خرمن امن میں آگ لگاتے ہیں اور الٹا الزام ہمارے معصوم جوانوں پر لگاتے ہیں۔ دوسری جانب  مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کوغیر معمولی چیلنجوں کا سامنا ہے کیونکہ اس کے امیدوارعوامی غم وغصے کی تاب نہ لاتے ہوئے پارٹی کے خلاف بغاوت کر رہے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق نام نہاد اسمبلی انتخابات کے اعلان سے بی جے پی کی کمزوریاںبے نقاب ہوگئی ہیں اورکشمیری عوام پارٹی کو علاقے کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اور ان کے سیاسی حقوق سے محرومی کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔ایک تازہ واقعے میں بی جے پی کے ضلع رامبن کے نائب صدر سورج سنگھ پریہار نے پارٹی سے استعفی دے دیا ہے اور آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑنے کافیصلہ کیا ہے۔

مزیدخبریں