جیمز، سٹونز سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس‘ مارکیٹنگ کے حوالے سے تجاویز و سفارشات

Aug 28, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اعظم کی جیمز و سٹونز سٹیرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین و وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت ہوا جس میں بیش قیمت پتھروں کو تلاش کرنے، انہیں چٹانوں سے الگ کرنے، تراش کر جواہرات کی شکل دینے اور ان کی مارکیٹ میں دستیابی کے حوالے سے درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں جبکہ جیمز و سٹونز کے بزنس سے متعلقہ اچھی ساکھ کے حامل نجی اداروں سے بھی تفصیلی سیشن ہوا اور مشاورت سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ سفارشات کو حتمی شکل دینے سے پہلے آئندہ اجلاس کومزید وسیع پیمانے پر کیا جائے گا جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی شرکت یقینی بنائیں گے۔ چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی و وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے قیمتی پتھروں کی تراش خراش، سرٹیفیکیشن، لیبارٹریز اور ایکسپورٹ سے متعلق مختلف مسائل کے دیر پا حل کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ یہ امر واضح ہے کہ جیمز سٹونز کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ اداروں کا قیام ضروری ہے، اسی طرح جیمز و سٹونز شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کی تجویز پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی عبدالعلیم خان نے تمام امور میں فوری بہتری لانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک اور پرائیویٹ سیکٹر سے سلمان حنیف، اظہار زبیری، اختر خان ٹیسوری، آمنہ گیلانی اور نادیہ چوہتانی نے بھی شرکت اور اظہار خیال کیا۔

مزیدخبریں