ہڑتالوں سے مشکل فیصلے تبدیل نہیں کرائے جا سکتے: گورنر سندھ 

Aug 28, 2024

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہڑتالوں سے مشکل فیصلے تبدیل نہیں کروائے جا سکتے۔ فیڈرل بی ایریا آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کراچی آتے تو بجلی ٹیرف پر بات کرتے ہیں، وزیراعظم جواب میں کہہ دیتے ہیں کہ  ہم آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں، پاکستان معاشی بحران سے نکلنے کی کوشش کرتا ہے تو بلوچستان جیسے واقعات ہوتے ہیں، جب بھی پاکستان معاشی مسائل سے نکلنے کی کوشش کرتا ہے یہ پرانی فلم چلائی جاتی ہے۔ ایس آئی ایف سی ون ونڈو آپریشن دنیا بھر سے معاہدے کر رہا ہے۔ ایران میں تمام تر پابندیوں کے باوجود 112 ارب کی درآمدات ہیں۔ جتنے مسائل آج ہیں اگلے پانچ سالوں میں اور ہوں گے۔ مضبوط بااختیار بلدیاتی نظام کیلئے کوشش کرنی چاہئے۔ ماضی میں مضبوط بلدیاتی نظام تھا۔ مصطفیٰ کمال نے بڑا کام کیا۔

مزیدخبریں