حکومت عیاشیوں کے خرچے نہیں اٹھا سکتے، آج کراچی تا چترال ہڑتال ہوگی: حافظ نعیم 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آج  چترال سے لے کر کراچی تک کامیاب ہڑتال ہو گی، حکومت تاجر دوست کے نام پر تاجر دشمن سکیمیں متعارف کرا رہی ہے، یقین ہے کوئی تاجر تنظیم اپنی کمیونٹی اور عوام کے مفاد کے خلاف حکومتی جھانسے میں نہیں آئے گی اور ہڑتال میں بھرپور حصہ لے گی،  حکمران اپنی مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں، ہم ان کی بڑی گاڑیوں، مفت بجلی اور عیاشیوں کے خرچے نہیں اٹھا سکتے، عوام آئی پی پیز کو مزید نہیں پالیں گے، صرف شریف خاندان اور ان کے قریبی لوگ آئی پی پیز پر سیکڑوں ارب کی کیپسٹی چارجز لینا بند کر دیں تو پورے ملک کی بجلی سستی ہو جائے گی، تاجر ٹیکس دینے کو تیار اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ کے حق میں ہیں، مارکیٹوں کی بنیاد پر ٹیکسوں کا تعین انہیں منظور نہیں۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہال روڈ پر ملک گیر شٹرڈاؤن کے حوالے سے احتجاجی کیمپ کے دورہ اور تاجر تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  اس موقع پر تاجر تنظیموں کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے امیر جماعت  ہڑتال کا مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ تاجر متحد ہیں، زندہ دلان لاہور کا اتفاق ہے کہ ہڑتال کو کامیاب کرائیں گے۔ امیر جماعت نے اس موقع پر بلوچستان میں دہشت گردی واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لسانی بنیادوں پر چن چن کر لوگوں کا قتل اور ملک میں عدم استحکام اور نفرت پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گرد بلیک واٹر، امریکن سی آئی اے اور را کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، ان کے خلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن