لاہور+ملتان + ساہیوال + راولپنڈی + چکوال + کراچی (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں + نمائندگان) ملتان میں طوفانی بارش کا 48 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، صرف 2 گھنٹے میں 147 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ترجمان واسا ملتان کے مطابق اس سے قبل 134.5 ملی میٹر بارش 1976ء میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ ملتان میں شدید بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں بوسن روڈ، حسن پروانہ روڈ، شاہین مارکیٹ اور گلگشت کے علاقے میں پانی جمع ہوگیا۔ معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے بارش کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر ملتان کے مطابق ضلع بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ساہیوال میں موسلا دھار بارش سے شہر کے نشیبی بازار صدر بازار، پاکپتن بازار، گھاس منڈی ، اندورن و بیرون سوڑی گلی، سٹی ڈاکخانہ روڈ، جوگی چوک سے مزدورپلی، دھوبی محلہ، چوک عمر فارو ق، چرچ روڈ، گلستان روڈ، کھوکھا بازار، ریلوے روڈ بارش کے پانی سے ڈوب گئے۔ جبکہ کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ چکوال کے علاقے چوآسیدن شاہ میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جس میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ بارش کے باعث باڑے کی چھت گرنے سے40 سے زائد بکریاں ہلاک ہو گئیں۔ سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ سندھ بھر میں 27 تا 31 اگست شدید بارشوں کا امکان ہے۔ سمندر میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔ خوشاب موسلادھار بارشیں، زمینی راستے بند، کندوال کے مقام پر للہہ خوشاب روڈ پانی میں بہہ گیا نوشہرہ سمیت وادی سون کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش بیاکھ، کلیال، سوڈھی، احمد آباد اور کھوڑہ کے گردونواح میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ ملوال گاؤں خوشاب میں تقریباً 100 فٹ چوڑے برساتی پانی کی وجہ سے ملوال کا مین روڈ سے زمینی راستہ بھی منقطع ہو گیا۔ دریں اثناء پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں شدید مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کیا۔ مون سون بارشوں کا نیا سپیل آج شام سے شروع ہو گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اٹک میں 51 ملی میٹر، جہلم 46، چکوال 42، راولپنڈی 32، سیالکوٹ 31، بھکر 27، شورکوٹ 24 جبکہ مری میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 31 اگست تک پنجاب میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ کا کوہ سلیمان رینج میں شدید بارشوں کے باعث رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔ پنجگور کے عکلاقے بالگنتر گزکی میں برساتی نالے میں ڈوب کر چار بچے جاں بحق ہو گئے۔ نعشیں نکال لی گئیں لیویز حکام کے مطابق بچوں کی عمریں چار سے آٹھ سال کے درمیان تھیں۔