لاپتا افراد کیس: کراچی سے لاپتا دو شہری طویل عرصے بعد گھر پہنچ گئے

Aug 28, 2024 | 11:12

کراچی سے لاپتا ہونے والے دو شہری طویل عرصے بعد گھر  پہنچ گئے۔ سندھ ہائیکورٹ میں 10 سے زائد لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی جہاں پولیس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ طویل عرصے سے لاپتا 2 شہری بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔پولیس کے مطابق نیوکراچی سے لاپتا حسین علی نقوی اور سرسید سے گمشدہ شہری محمد فیصل گھر پہنچ گئے، سندھ ہائیکورٹ نے دونوں لاپتا شہریوں کی بحفاظت گھر واپسی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے  دونوں شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹادیں۔ عدالت نے کلفٹن سے لاپتا شہری یاسین کے اہلخانہ کا ڈی این اے سیمپل لینے کی ہدایت کی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے بتایا کہ  اے وی ایل سی، سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں سے معلومات حاصل کرلی ہیں، کسی ادارے نے شہری یاسین کو تحویل میں نہیں لیا جب کہ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سچل سے لاپتا شہری ثاقب کے اہلخانہ کو معاوضہ ادا کردیا گیا ہے۔عدالت نے دیگر لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

مزیدخبریں