نوجوانوں کو تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ، رانا مشہود احمد خان

Aug 28, 2024

اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی ملاقات کا مقصد تعلیم، ثقافت اور کھیلوں میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنا تھا جس میں دونوں فریقین نے نوجوانوں کے لئے مشترکہ منصوبوں کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول بھی موجود تھیںملاقات کے دوران چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے وژن پر روشنی ڈالی جو کہ پاکستانی نوجوانوں کو مختلف اقدامات کے ذریعے بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہے جس کا مقصد ان کی مہارتوں، تعلیم اور ثقافتی تجربے کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے تکنیکی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ہمارے نوجوانوں کو تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے پر زور دے رہی ہے، جو کہ ان کی ذاتی ترقی اور قوم کی معاشی ترقی کے لئے ضروری ہیں،ہمارا مقصد انہیں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرنا ہے۔ سفیر خضر فرہادوف نے دونوں ممالک کے لئے نوجوانوں کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا اور کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان نوجوانوں کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے،نوجوان ہمارا سب سے اہم اثاثہ ہیں اور ان کی ترقی کے ذریعے ہی ہم اپنے ممالک کے لئے ایک خوشحال مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیںملاقات میں پاکستان کے نیشنل والنٹیئر کور اور آذربائیجان کے والنٹیئر نیٹ ورک کے درمیان ممکنہ تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔ چیئرمین رانا مشہود نے سفیر کو قومی رضا کار کور کے مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا جو پاکستانی نوجوانوں میں رضاکارانہ خدمات کے جذبے کو فروغ دینے کے لئے کام کر رہا ہے تاکہ وہ ملک بھر میں سماجی ترقی کے منصوبوں میں حصہ لے سکیں۔انہوں نے ایک مشترکہ فریم ورک کا تصور پیش کیا جہاں دونوں ممالک کے رضاکار سرحد پار منصوبوں میں حصہ لے سکیں، بہترین طریقوں کا تبادلہ کر سکیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکیں،ہمارے والنٹیئر نیٹ ورکس کے انضمام سے ہم پاکستان اور آذربائیجان کے نوجوانوں کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم بنا سکتے ہیں جہاں وہ امن، ثقافتی تفہیم اور کمیونٹی کی ترقی کو فروغ دینے والے منصوبوں پر مل کر کام کر سکیں۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے طلبا کے لیے دوہری ڈپلومہ کورسز کے قیام پر بھی بات چیت کی گئی۔

مزیدخبریں