اٹلی میں ایک گھر میں واردات کے لیے گھسنے والا چور کتاب کے مطالعے میں غرق ہونے کی وجہ سے پکڑا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اٹلی کے دارالحکومت روم میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں داخل ہونے والے چور کو پکڑلیا گیا۔رپورٹ کے مطابق چور گھر میں داخل تو چوری کی نیت سے ہوا تھا لیکن ٹیبل پر پڑی ایک کتاب کو دیکھ کر رک گیا اور چوری کرنے کے بجائے کتاب کے مطالعے میں مصروف ہوگیا۔چور کتاب کے مطالعے میں ایسا غرق ہوا کہ اسے آس پاس کا ہوش ہی نہیں رہا اور اس دوران گھر کا 71 سالہ مالک جاگ گیا اور وہ ایک اجنبی کو اپنے گھر میں کتاب پڑھتا دیکھ کر حیران رہ گیا، اس دوران چور کو بھی ہوش آگیا تاہم وہ بالکونی سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران پکڑا گیا۔مقامی میڈیا کے مطابق 38 سالہ چور جس کتاب کا مطالعہ کر رہا تھا وہ یونان کی تاریخ سے متعلق تھی۔ مذکورہ خبر مقامی اخبار میں آئی تو کتاب کے مصنف نے اس پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں ملزم کو کتاب تحفے کے طور پر بھجوانا چاہتا ہوں کیونکہ کتاب کے مطالعے کے دوران وہ گرفتار ہوگیا، میں چاہتا ہوں کہ وہ اس کا مطالعہ مکمل کرے۔