اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافیوں کو کوریج سے روکنے کے کیس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)سے جواب طلب کر لیا۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر سینئر وکیل عبدالواحد قریشی صحافیوں کی جانب سے پیش ہوئے۔دوران سماعت جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ کوریج کرنا صحافیوں کا بنیادی حق ہے، رپورٹنگ کرنا اور تجزیہ کرنا آئین کے تحت بنیادی حق ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے جبکہ سپورٹس جرنلسٹس کو ایکریڈیشن کارڈ جاری نہ کرنے پر پی سی بی سے جواب طلب کرلیا ہے۔عدالت نے سیکرٹری پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی جمعرات کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے صحافیوں کو کوریج سے روکنے کے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔