نہار منہ تلسی کا پانی کن بیماریوں کا علاج ہے؟

Aug 28, 2024 | 14:08

قدیم ترین تلسی کے پودے کا استعمال  مختلف بیماریوں کے علاج کیلئے صدیوں سے  کیا جارہا ہے ۔

قدرت نے تلسی کے پودے میں بہت سی افادیت رکھی ہے یہی  وجہ ہے کہ اس پودے کے ناصرف پتے، بلکہ پھول، ٹہنی اور جڑ کا بھی استعمال بطور علاج  کیا جاتا ہے۔ماہرین کا ماننا ہے کہ تلسی جسم میں تناؤ کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ قوت مدافعت کو بڑھاتی ہے اور نظام ہاضمہ کو بھی درست کرتی ہے۔

تلسی کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔

کھانسی، سردی اور گلے کی خارش کو دور کرے

تلسی کسی بھی موسم میں استعمال کی جاسکتی ہے، تلسی کے پتوں کی چائے بنا کر پینے سے کھانسی، سردی اور گلے کی خارش کو دور کیا جاسکتا ہے۔اس کے علاوہ تلسی کے پتوں کو ابال کر پانی سے غرارے کرنے سے بھی گلے کے مسائل سے نجات مل سکتی ہے۔

گردوں کیلئے فائدے مند 

اگر آپ کے گردوں میں پتھری ہے تو تلسی کے پتوں کا پانی پینے سے تکلیف میں آرام حاصل کیا جاسکتا ہے۔

شوگر کو کنٹرول کرتا ہے 

تلسی ذیابیطس کے شکار مریضوں  میں گلوکوز کی سطح، خون میں کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائیڈ کو کم کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔گلوبل سائنس ریسرچ جرنل میں شائع تحقیق سے معلوم ہوا  کہ صبح نہار منہ 2 سے 3 تلسی کے پتے یا ایک کھانے کا چمچ تلسی کے عرق سے شوگر کی سطح کو کم کیا جاسکتا ہے۔

دل کی صحت کیلئے مفید

تلسی کے پتے وٹامن سی اور یوجینول ( eugenol)  نامی اینٹی آکسیڈینٹ سے بھرپور ہوتے ہیں جو دل کو خطرناک فری ریڈیکلز سے بچاتے ہیں۔

 اگر صبح کے وقت  نہار منہ تلسی کے پتوں کا پانی پیا جائے تو آپ اس کے فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ تلسی جلد پر ہونے والے انفیکشن میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزیدخبریں