فٹبال فیڈریشن نے 2011ءکے ایونٹ کیلنڈر کی منظوری دید ی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس مخدوم فیصل صالح حیات کی زیر صدارت پیر کے روز فٹبال ہاﺅس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سال2010ءکی کارکردگی پر روشنی ڈال گئی اور سال2011ءکے ایونٹ کیلنڈر کو حتمی منظوری دی گئی۔ فیصل صالح حیات نے پاکستان میں سیلاب ذدگان کی امداد پر فیفا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کورین فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے گول پراجیکٹس کے لئے چار لاکھ امریکی ڈالرز دیئے ہیں جبکہ فیفا اور اے ایف سی کی کل امداد تین لاکھ امریکی ڈالرز ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سال2011ءمیں قومی فٹبال ٹیم اولمپکس کوالیفائنگ راﺅنڈ کی تیاری کے لئے تین ہفتے کے لئے تھائی لینڈ جائے گی۔ فروری اور مارچ میں ملائیشیا کے ساتھ ہوم اینڈ اوے سیریز کھیلی جائے گی۔ فلسطین کے ساتھ ہوم اینڈ اوے سیریز ہو گی۔ اگست میں ٹیم تین سے چار ہفتے کے لئے کوریا کا تربیتی دورہ کرے گی۔ جنوری میں لیاری میں انڈر14ایونٹ کا انعقاد کرایا جائے گا۔ فیصل صالح حیات نے لیاری اور گلگت میں فٹبال کے فروغ کے لئے خدمات پر آسٹریلوی ہائی کمیشن کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن