چین کے مشرقی اورشمال مغربی علاقوںمیں برفباری کی وجہ سے سڑکیں بلاک ہوگئی ہیں اورملک میں مختلف اشیاء کی ترسیل کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ صوبہ ژین جیانگ میں بیس دسمبر سے شروع ہونے والی برفباری کے باعث بعض مقامات پر برف کی تہہ تین فٹ سے بھی بلند ہوگئی ہے۔ شمالی صوبے شان ڈونگ میں برف کو پگھلانے کے لئے اس پر نمک ڈالا جارہا ہے جبکہ دیگر ذرائع بھی استعمال کئے جا رہے ہیں۔ چینی محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں شدید سردی کی لہر مزید تین دن جاری رہے گی۔ برف باری کے باعث پیدا ہونے والی پھسلن کی وجہ سے کئی حادثات بھی رونما ہوچکے ہیں جن میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔