ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، چونسٹھ برس بعد بھی پارلیمنٹ بے وقعت جبکہ عدالتی فیصلوں کومسلسل روندا جارہا ہے۔ نواز شریف

پشاورمیں پارٹی کی صوبائی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد آپریشن پر امریکہ کو شاباش دی گئی۔ چونسٹھ برس گزرنے کے باوجود پارلیمنٹ بےوقعت ہے اورعدالتی فیصلوں کو ٹھکرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے بند ہورہے ہیں اور حکومت کیری لوگر بل کے ذریعے بھیک مانگنے کے لئے بیتاب ہے۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے دولخت ہونے سمیت پی این ایس مہران، بینظیر بھٹو قتل، اور کارگل سمیت کسی کیس کی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ملک و قوم کے مفاد میں میمو گیٹ سکینڈل سپریم کورٹ لیکر گئے۔ دہشتگردی کے نتیجے میں پینتیس ہزار جانوں اور سترارب ڈالرکے نقصان کا حساب پرویز مشرف سے مانگاجائے۔ نون لیگی صدر کا کہنا تھا کہ ملک کی خاطر دکھ اور تکالیف برداشت کیں، اربوں ڈالر کی پیشکش رد کرکے ایٹمی دھماکے کئے لیکن کسی سے بھیک نہیں مانگی۔ قوم منافقت اور دھوکہ کرنے والوں کو معاف نہیں کرے گی۔ آئندہ موقع ملا تو ملکی مسائل حل کردیں گے۔ عہدیدار کارکنوں کو عزت دیں تو ایسا انقلاب آئے گا جو سونامی کو بھی بہا لے جائےگا۔

ای پیپر دی نیشن