لاہور+گوجرانوالہ (نیوزرپورٹر+نمائندہ خصوصی) لاہور، ساہیوال ، شیخو پورہ اور ملتان کے سی این جی سٹشن آج (جمعہ) کو بھی مسلسل پانچویں روز بند رہینگے اور سٹی لوڈ میں اضافے کے باعث انہیں گیس فراہم نہیںکی جائیگی تاہم سردی اور برفباری کے باعث پنجاب سمیت ملک بھر میں جاری گیس کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ گیس کا شارٹ فال 1000ایم ایم بی ٹی یو کی سرحد بھی پار کر گیا جبکہ لاہور اور گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں چوتھے روز بھی سی این جی سٹیشنز بند رہے، شہری سی این جی سٹیشنز کھلنے کے انتظار میں رات سے ہی قطاروں میں لگ گئے، گیس نہ ملنے پر گھروں کو واپس لوٹ گئے۔ لاہور میں رکشہ ڈرائیوروں نے جیل روڈ بلاک کرکے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ایک گھنٹہ تک روڈ بلاک رکھی۔گوجرانوالہ ریجن بھر میں چھ اضلاع کے 350 سی این جی سٹیشنز چوتھے روز بھی نہ کھل سکے، جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، حافظ آباد میں بھی سی این جی سٹیشنز کی بندش پر عوام نے شدید احتجاج کیا۔
لاہور، شیخوپورہ، ملتان کے سی این جی سٹیشنز آج 5 ویں روز بھی بند رہینگے، رکشہ ڈرائیور کا جیل روڈ بلاک کرکے مظاہرہ
Dec 28, 2012