کراچی (سٹاف رپورٹر) حروں کے روحانی پیشوا اور پاکستان مسلم لیگ (فنگشنل) کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کا انعقاد مشکل نظر آرہا ہے، میں اپنے اس مﺅ
قف پر قائم ہوں، جلد سیاسی دوستوں سے ملاقات کے لئے پنجاب کا دورہ کروں گا۔ وہ جمعرات کو راجہ ہاﺅس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ قبل ازیں شیخ رشید احمد نے پیر صاحب پگاڑا سے راجہ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال، آئندہ عام انتخابات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر پگاڑا نے کہا کہ میں نے عام انتخابات کے التوا کے حوالے سے جو کہا ہے اس مﺅقف پر قائم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں مسلم لیگی دھڑوں کو متحد کرنا چاہتا ہوں۔ بینظیر بھٹو کے قاتلوں کے حوالے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے قاتلوں کی گرفتاری موجودہ حکومت کا معاملہ اور ان کی ذمہ داری ہے اور صدر آصف علی زرداری خود ایک جلسہ میں کہہ چکے ہیں کہ وہ بینظیر بھٹو کے قاتلوں کو جانتے ہیں، اس لئے میں اس پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتا۔ اس موقع پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ موجودہ حکمران عام انتخابات کا انعقاد چاہتے ہی نہیں ہیں اور مجھے ڈر ہے کہ کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال آئندہ انتخابات ملتوی کرانے کا جواز نہ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات کو ٹھیک کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن وہ اپنی یہ ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔