گلگت بلتستان،مری، سوات اور کوئٹہ سمیت ملک کے بالائی علاقوں نے برف کی سفید چادراوڑھ لی۔ سب سے زیادہ برفباری کالام میں چودہ اعشاریہ پانچ انچ ریکارڈ کی گئی۔

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے باعث ملک میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ملکہ کوہسار مری میں رات سے اب تک چھ انچ برف پڑی جس سے مسیاڑی روڈ مکمل طورپر بند ہوگئی، وادی کا درجہ حرارت منفی تین اعشاریہ پانچ ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ برفباری کالام میں چودہ اعشاریہ پانچ انچ ریکارڈ کی گئی جبکہ شانگلہ میں کل شام سے جاری برفباری سے راستے بلاک ہوگئے ہیں۔ میاندم، کالام، مالم جبہ میں بھی برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ قلات میں منفی نو درجہ حرارت سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ ادھر کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی سات ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے پائپوں میں پانی جمنے سے شہریوں کو پانی کے حصول میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔ دوسری جانب بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے چوبیس گھنٹوں کےدوران سب سے زیادہ بارش پٹن میں اکتالیس ملی میٹرریکارڈ کی گئی، دیرمیں اڑتیس، مالم جبہ چونتیس، کالام ستائیس اورپشاورمیں پندرہ ملی میٹر بارش ہوئی۔ لاہورسمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہے، ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے سردی بڑھ گئی ہے جبکہ چند ایک مقامات پر ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی۔ کراچی والوں نے بھی بالآخر سردی کا مزہ چکھ لیا ہے صبح سے جاری سرد ہواؤں کی وجہ سے لوگوں نے شال، مفلر اور جیکٹس اور گرم کپڑوں کااستعمال شروع کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج مالاکنڈ ،ہزارہ،کوہاٹ،راولپنڈی،اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اورمزید برفباری کا امکان ہے۔

ای پیپر دی نیشن