لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایس ایم منیر کی قیادت میں کینیڈا پاکستان بزنس کونسل اور معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے لاہور سمیت پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور فلاح عامہ کے انقلابی پروگراموں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کے حوالے سے شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پنجاب جس تیز رفتاری سے ترقی کر رہا ہے بلاشبہ اس کا کریڈٹ آپ کی انتہائی متحرک قیادت کو جاتا ہے۔ لاہور اور پنجاب آ کر احساس ہوتا ہے عوامی وسائل حقیقی معنوں میں عوام کیلئے استعمال ہو رہے ہیں اور ترقی نظر بھی آتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں سندھ کو بھی آپ جیسی فعال قیادت میسر آئے اور وہ بھی پنجاب کی طرح ترقی کرے۔ انہوں نے کہا آپ نے پنجاب کی ترقی کیلئے حیران کن حد تک کام کیا ہے جس پر آپ مبارکباد کے مستحق ہیں۔