لاہور:61 لاکھ سے زائد کے ڈاکے، شیخوپورہ میں مزاحمت پر سکیورٹی گارڈ قتل

Dec 28, 2014

لاہور+ شیخوپورہ + فیروزوالا (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگار) لاہور میں 61 لاکھ سے زائد کے ڈاکے، شیخوپورہ میں مزاحمت پر سکیورٹی گارڈ قتل ساتھی زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ستوکتلہ کے علاقہ میں ڈاکوئوں نے نیاز کے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر گھر سے 13لاکھ 90 ہزار روپے کی نقدی و زیورات اور قیمتی سامان، ٹائون شپ آئیڈیل پارک میں عاشق کے گھر سے 11لاکھ روپے مالیت کی نقدی و زیورات، فیکٹری ایریا ماڈل کالونی میں عالم کے گھر سے 10لاکھ روپے کی نقدی و زیورات، چوہنگ گوپے راپنڈ میں منور کے گھر سے 9لاکھ روپے کی نقدی و زیورات، باغبانپورہ سراج پورہ میں سہیل کے گھر سے ساڑھے 7لاکھ روپے کی نقدی و زیورات، غالب مارکیٹ نبی پورہ میں کاشف کے گھر سے 5 لاکھ 20 ہزارروپے نقدی و زیورات، کاہنہ عماد گارڈن میں تنویرکے گھر سے 3 لاکھ 10ہزارروپے کی نقدی و زیورات، قائد اعظم انڈسٹریل ایریا میں ملت روڈ پر خالد سعید کے گھر سے ڈیڑھ لاکھ کی نقدی، زیورات و دیگر قیمتی لوٹ لیا گیا۔ راوی روڈ نشتر ڈگری کالج کے قریب سے ندیم سے 4ہزار اور 2 موبائل، گرین ٹائون میں ریاض سے 70 ہزار اور موبائل، اقبال ٹائون پاک بلاک میں مسعود سے 29 ہزار اور موبائل، مصطفی ٹائون کے علاقہ میں شفیق سے 1لاکھ کی نقدی، گرین ٹائون باگڑیاں میں کاشف سے 23 ہزار، برکی موضع سوواڑی والی پلی کے قریب منظور کی فیملی سے 1لا کھ ما لیت کی نقد ی اور زیورات لوٹ لئے گئے۔ چوروں نے ڈیفنس اے سے عابد، ستوکتلہ سے محسن، سندر سے عبدالطیف، مسلم ٹائون سے منیر اور اقبال ٹائون سے حنیف کی گاڑیاں جبکہ گڑھی شاہو سے احمد، سبزہ زار سے اسلم، مزنگ سے طارق، کوٹ لکھپت سے رضوان، شادباغ سے عتیق، سمن آباد سے فراز، اسلام پورہ سے امجد اور پرانی انارکلی سے حبیب کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ تھانہ بھکھی کے علاقہ فیروزوٹواں کے قریب ڈاکوئوں کے گروہ کی ایک ٹیکسٹائل مل پر یلغار، سکیورٹی گارڈ کے للکارنے پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سیکورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ نشاط ٹیکسٹائل نمبر27 میں دن دیہاڑے ڈاکوئوں کے گروہ نے یلغار کر دی جس پر مالاکنڈ کے سکیورٹی گارڈ فیض احمد نے ڈاکوئوں کو للکارا نے تو انہوں نے فائرنگ کر دی جس سے سیکورٹی گارڈ ہلاک جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہو گیا۔ اسی تھانہ کے علاقہ بریسٹ ٹیکسٹائل مل کے ٹرک سے ڈاکوئوں نے لاکھوں روپے کی کاٹن کی گانٹھیں چھیننے کے علاوہ ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ مذکورہ مل سے لوڈ ہوکر ٹرک لاہور جارہا تھا نواں کوٹ کراسنگ کے قریب مسلح ڈاکوئوں نے ٹرک کو رو ک کر ڈرائیور آصف کو یرغمال بنا لیا اور ٹرک میں موجود کاٹن کی گانٹھیں اتار کر ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ مذکورہ کراسنگ پر 10ویں واردات کے خلاف انڈسٹریل مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے رہنمائوں اے ڈی چودھری، منور اقبال، مشتاق احمد، امجد شاہ، افضل گجر، ساجد ورک ودیگر نے احتجاج کرتے کہاکہ فیکٹری کی گاڑیوں کو لوٹنا معمول بن چکا ہے، پولیس گشت نہ ہونے کی وجہ سے ہم عدم تحفظ کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں، ہمارا کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے نواں کوٹ کراسنگ پر مستقبل طور پر ناکہ لگایا جائے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر محمد علیم سے موٹر سائیکل اور موبائل چھین لیا۔ چوروں نے بیوہ خاتون کو سیماں بی بی کو 70 لاکھ روپے کے مویشیوں سے محروم کر دیا۔ چوروں نے مکان کے تالے توڑ کر ہزاروں روپے کا سامان چور کر لیا۔ چوروں نے فیکٹری میں گھس کر 90 ہزار روپے کا مال چوری کر کے لے گئے۔ چوروں نے ارسلان کے گھر سے سوا دو لاکھ روپے سامان چور کر کے لے گئے۔ ڈاکوئوں نے شوکت علی کے گھر سے تین بکرے چوری کر لئے۔

مزیدخبریں