اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اپوزیشن جماعتوں کو کل دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے آئین پاکستان اور مختلف قوانین میں ترامیم کے مسودہ کے بارے میں اعتماد میں لیا جائے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پیر کو اس مجوزہ اجلاس میں شرکت کے باعث ہی تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات نہیں ہو سکیں گے۔ وزیراعظم نے گزشتہ اجلاس میں اپنی قانونی ٹیم کو ہدایت کی تھی کہ مجوزہ ترامیم کے ابتدائی مسودہ کے بارے میں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور خصوصاً ان کے قانونی ماہرین کو اعتماد میں لیا جائے اور اپوزیشن کی طرف سے آنے والی تجاویز کو مسودہ میں شامل کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت کی قانونی ٹیم اور وفاقی وزراء اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے رابطہ کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کی حمایت کے بعد مجوزہ مسودہ قانون پارلیمنٹ میں پیش کیا جائیگا۔