صنعاء (اے پی پی)یمن میں سرگرم شدت پسند تنظیم القاعدہ کے ذیلی گروپ انصار الشریعہ کے جنگجوئوں نے دارالحکومت صنعاء کے شمالی میں ارحب شہر میں ایک گوریلا کارروائی میں حوثیوں پر حملہ کر کے کم سے کم بیس افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق انصارالشریعہ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں بتایا ہے کہ تنظیم کے جنگجوئوں نے ارحب میں کوہ الصمع میں حوثیوں کی پیش قدمی روکتے ہوئے ان پر گھات لگا کرحملہ کیا اور حوثیوں کے کئی جنگجو موت کے گھاٹ اتار دیئے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ حوثی شدت پسند رات کی تاریکی میں اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری مقدار کوہ نقیل، بن غیلان، بنی حارث اور ہمدان کے علاقوں میں موجود اپنے ٹھکانوں میں منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم ان کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ انصار الشریعہ کے مطابق تنظیم کے چھ جنگجوئوں نے ری پبلکن گارڈز کے ارحب میں بنی حارث میں قائم کیمپ 63 بیت دھرہ میں قائم کیمپ 61 کی چیک پوسٹوں سے گزرتے ہوئے جبل الصمع اور بنی جرموز پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
یمن:شدت پسند تنظیم انصار الشریعہ کا حملہ، 20 حوثی جنگجو مارے گئے
Dec 28, 2014