مذاکرات کا ایک اور دور بے نتیجہ‘ حکومت اور تحریک انصاف کی ٹیمیں قیادت سے مشاورت کے بعد پرسوں ملیں گی

Dec 28, 2014

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمشن کے حوالے سے مذاکرات کا ایک اور دور کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکا۔ لفظ ”دھاندلی“ کی تعریف پر مذاکرات میں جمعہ کے روز سے جاری تعطل کل بھی دور نہیں کیا جا سکا۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومتی ٹیم تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے گھر گئی جہاں شاہ محمود قریشی اور تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کے دوسرے رہنما موجود تھے۔ مذاکرات کے اس دور کو میڈیا سے خفیہ رکھا گیا تھا، ذرائع کے مطابق دھاندلی کی تعریف کے تعین میں مﺅقف کے اختلاف کے باعث بات آگے نہیں بڑھ سکی اور دونوں جماعتوں کے رہنماﺅں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ انہیں اپنی پارٹی کی قیادت سے مشاورت اور رہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔ اب مذاکرات کا آئندہ دور منگل کو ہو گا۔ تحریک انصاف کی طرف سے مذاکرات میں مﺅقف اختیار کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمشن کے قیام کے لئے جو مسودہ پیش کیا گیا ہے وہ اطمینان بخش نہیں اس میں وہ تمام نکات حذف کر دئیے گئے ہیں جن پر قبل ازیں اتفاق رائے ہوا تھا۔ حکومت کی جانب سے پیش کردہ مسودہ پر تحریک انصاف کی ٹیم اپنی قیادت جبکہ تحریک انصاف کے اعتراضات پر مسلم لیگ ن پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد منگل کو دوبارہ مذاکرات کرے گی۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بیان میں کہا ہے مسلم لیگ ن نے انتہائی خلوص دل سے گزشتہ روز تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیشرفت کی ہے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے اٹھائے گئے تین ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ان اختلافی نکات پر دونوں ٹیمیں اپنی اپنی پارٹی قیادت سے صلاح مشورہ کریں گی۔ حکومت نے جوڈیشل کمشن آرڈیننس سے متعلق 3 نکات کے سوا باقی تمام نکتوں پر اتفاق کیا ہے۔ دریں اثناءآئی این پی کے مطابق تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے تحریک انصاف نے بہت لچک دکھائی ہے‘ اب گیند مسلم لیگ (ن) کی کورٹ میں ہے‘ حکمران حامی بھرلیں تو سب کچھ ہو سکتا ہے‘ ہم نے بہت لچک دکھائی‘ ٹرمز آف ریفرنس تین صفحات پر مشتمل تھیں جو اب آدھے صفحے پر آگئی ہیں‘ عمران خان مطمئن ہیں‘ جہاں ہم کھڑے ہیں ٹھیک ہیں۔ وہ عمران خان کو حکومت سے ہونے والے مذاکراتی دور بارے آگاہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت کی نیت پر کوئی شک نہیں‘ دونوں طرف سے لچک دکھائی گئی۔ تحریک انصاف کی ٹیم آج عمران خان کو مذاکراتی عمل میں پیشرفت سے آگاہ کریگی۔ مذاکرات تحریک انصاف کی نمائندگی شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین اور اسد عمر نے کی۔ ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ اور تحریک انصاف کے قانونی ماہرین بھی اجلاس میں موجود تھے۔ عمران خان نے آج تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے مذاکرات کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے مذاکرات کی تفصیلات بتانے سے معذرت کرتے کہا ہے اس حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
مذاکرات نتیجہ



مزیدخبریں