-مدارس سرحدوں کے محافظ ہیں، تنگ کرنا بند کیا جائے: وفاق المدارس

Dec 28, 2015

کراچی (این این آئی) وفاق المدارس العربیہ کے زیراہتمام تحفظ و بیداری مدارس دینیہ مہم کے سلسلے میں اجتماع دینی درسگاہ جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوریہ ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجتماع سے صدر وفاق مولانا سلیم اللہ خان ، نائب صدر وفاق مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق، قاری محمد حنیف جالندھری، مفتی محمد رفیع عثمانی، مفتی محمد نعیم، مولانا عبدالقیوم نعمانی، مولانا اسفند یار خان اور دیگر نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اور ارباب مدارس وعلماء کرام وطن عزیز پاکستان کی سرحدوں کے محافظ ہیں، انہیں تنگ کرنے کا سلسلہ فی الفور بند کیاجائے۔ کوئی مدارس کو لاوارث نہ سمجھے، تحفظ کیلئے آخری حد تک جائینگے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا قومی اسمبلی کا بیان ’’مدارس دہشت گردی میں ملوث نہیں‘‘ کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ انہوں نے اسمبلی کے فلور پر مدارس کے حوالے سے کسی قسم کے دباؤ میں نہ آکر حقیقت پسندی کا ثبوت دیا۔ مولانا سلیم اللہ خان، قاری محمد حنیف جالندھری نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پربنا اور اسلام ہی اس ملک کا مقصد رہیگا، جب تک علماء مدارس موجود ہیں اس ملک کو سیکولر نہیں بنے دیاجائے گا۔ کوئی مدارس کو لاوارث نہ سمجھے مدارس کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جائیں گے، ملک کے کسی کونے میں بھی موجود مدرسے کا تحفظ کیا جائیگا، انہوں نے کہاکہ علماء کرام مشائخ عظام منظم ہوکر مدارس چلائیں ہم کسی قسم کی کمزوری ظاہر نہیں ہونے دینگے، ہم پرامن لوگ ہیں منظم اور متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 مارچ کو مینار پاکستان پورا ملک اُمڈ آئیگا۔ کچھ قوتیں ہمیں شدت پسندی کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں، اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔

مزیدخبریں