رواں سال آلو کی شاندار پیداوار متوقع ہے: وزیر زراعت

لاہور (نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ رواں سال آلو کی بمپر پیداوار متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال پنجاب میں 4لاکھ ایکڑ رقبے پر آلو کی فصل کاشت کی گئی جو گزشتہ سال کی نسبت ساڑھے تین فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال آلو کی ریکارڈ 3.8ملین ٹن پیداوار حاصل کی تھی جبکہ کل ملکی ضرورت 2.9ملین ٹن ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آلو کی فصل پر نظر رکھی جائے اورایکسپورٹرز اضافی فصل کو دنیا بھر میں درست موقع پر ایکسپورٹ کرنے کے انتظامات کریں۔وزیر زراعت نے یہ بھی ہدایت کی کہ محکمہ زراعت توسیع کاشتکاروں کو ممکنہ کورے سے نمٹنے کیلئے تربیت اور ضروری معلومات فراہم کرے۔ تاکہ کسی بھی طرح فصل کو کورے سے بچایا جا سکے۔ صوبائی وزیر زراعت نے محکمہ کو آلو کی فصل کی پیداوار کا درست تخمینہ لگانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکار کو بہترین منافع دلوانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے آلو کے کاشتکاروں اور ایکسپورٹرز کے ساتھ جلد ملاقات رکھی جائے تاکہ انہیں صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ بروقت اقدامات سے ملک کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے اور کاشتکاروں کو انکی محنت کا بھرپور ثمر مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی زرعی اجناس عالمی منڈیوں میں اپنے بہترین ذائقے اور اعلی معیار کی بدولت مشہور ہیں۔ ہم اپنی زرعی اجناس کیلئے نئی عالمی منڈیاں بھی تلاش رہے ہیں تاکہ زراعت کو ترقی دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں پنجاب میں زراعت کے شعبے میں نمایاں ترقی ہوئی جس کا منہ بولتا ثبوت بڑے پیمانے پر کنو، چاول اور آلو کی برآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی ضروریات سے زائد تمام آلو بر آمد کرے گی تاکہ کسانوں کومعاشی بحران سے بچا یا جا سکے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...