غداری کیس مشرف کیخلاف تحقیقات رواں ہفتے مکمل ہوگی شوکت عزیزکو خط لکھ دیا گیا

Dec 28, 2015

اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) ایف آئی اے کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری مقدمے میں تحقیقات رواں ہفتے مکمل کئے جانے کا امکان ہے۔ سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر، سابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے۔ وفاقی حکومت تفصیلات مرتب کر کے رپورٹ اگلے ہفتے خصوصی عدالت کے روبرو پیش کر دے گی۔ ذرائع نے بتایا سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے اوپر لگائے گئے سنگین غداری کے الزامات مسترد کر دیئے ہیں۔ انہوں نے تحقیقاتی ٹیم کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق ایف آئی اے نے سنگین غداری کیس میں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے خط لکھ دیا، یہ خط سابق وزیر اعظم کی لندن میں رہائش گاہ پر پہنچایا جائے گا۔ شوکت عزیز کے جواب کے بعد بیان ریکارڈ کرنے کے لئے تاریخ اور مقام کا تعین کیا جائے گا۔ پاکستانی ہائی کمشن یہ خط شوکت عزیز کی لندن میں رہائش گاہ پر پہنچائے گا۔

مزیدخبریں