لاہور(خبر نگار)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس گذشتہ روز ہوا جس میں یونیورسٹی کے کالا شاہ کاکو کیمپس سمیت دیگر معاملات زیر بحث آئے۔ بورڈ آف گورنرز کے ارکان نے متفقہ طور پر سینیٹر اسحاق ڈار کو بورڈ کا چیئرمین بنانے پر رضامندی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا جعلسازی کے مرتکب طلباء پر 7سال کی پابندی عائد کی جانی چاہئے۔ اجلاس میں شیخ زید ہسپتال کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا ٹیچنگ ہسپتال بنانے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے اس موقع پرہدایت کی یونیورسٹی کے کالا شاہ کاکو کیمپس کو فنڈز کی فراہمی کے معاملہ کا جائزہ لیا جائے۔ آئی این پی کے مطابق ایک انٹرویو میں سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا رینجرز کے آپریشن سے کراچی میں امن آیا‘ آپریشن ہر صورت جاری رہیگا ‘سیاسی و عسکری قیادت میں کوئی اختلاف نہیں دونوں ایک پیج پر ہیں‘ ہم نے ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنا ہے‘ دہشت گردی کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب سے بہت سی کامیابیاں ملی ہیں‘ ملک کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے موجودہ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے اسی لئے 2018 تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔‘‘ انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف فوجی آپریشن ضرب عضب کا میابی سے جاری ہے اور ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپر یشن جاری رہیگا۔ رینجرز کراچی میں پہلے جیسے اختیارات استعمال کرسکتی ہے اورکراچی آپریشن کسی بھی قیمت پر جاری رہیگا اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
کراچی آپریشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ہر صورت جاری رہے گا: اسحاق ڈار
Dec 28, 2015