نئی دہلی/ اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اور بھارت نے سارک کی سطح پر قدرتی اور انسانی حادثات سے نمٹنے کےلئے فورس قائم کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت نے اس مقصد کےلئے دو بٹالین فوج دینے کی پیشکش کردی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سارک ممالک کے مشترکہ سارک ریپڈ رسپانس فورس قائم کرینگے جو قدرتی آفات سے نمٹنے میں مدد دیگی اور یہ فورس اقوام متحدہ کی امن فوج کی طرز پر قائم کی جائیگی۔ اس مقصد کےلئے تنظیم کے 8 ممالک کے درمیان سمجھوتوں پر دستخط پہلے ہی ہو چکے ہیں، پاکستان بھی اس میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالدیپ، نیپال، بنگلہ دیش اور بھوٹان پہلے ہی اپنی فوجوں کی تربیت کےلئے بھارت سے رابطہ کرچکے ہیں۔ وزارت داخلہ نے اس پر اتفاق کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم مودی کے اہم ساتھی اور ایڈیشنل پرنسپل سیکرٹری پی کے مشرا اس مقصد کےلئے سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ آفات کی کوئی سرحدیں نہیں ہوتیں، اس ٹھوس ترقی کےلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔
سارک فورس