لاہور(چودھری اشرف) پاکستان کرکٹ بورڈ نے یاسر شاہ کے معاملے پر لیگل کمیٹی تشکیل اور امارات میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران قومی ٹیم کے غیر ملکی فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر سے بھی وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پہلے کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو یاسر شاہ کے ڈوپ ٹیسٹ کا باریک بینی سے جائزہ لیکر اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ آیا یاسر شاہ کا آئی سی سی سے بی سیمپل کرایا جائے یا نہ۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کے ڈوپ ٹیسٹ کی جو رپورٹ آئی ہے وہ درست ہے اس پر کچھ نہیں کیا جا سکتا ہے تاہم یاسر شاہ نے ٹیم کے ڈاکٹر کے کہنے پر دوا کا استعمال کیا تھا اس حوالے سے آج بروز پیر کو پریس کانفرنس میں بتایا جائے گا جس میں یاسر شاہ اپنی دوا کے متعلق بریف کرینگے جبکہ ان کے ساتھ پی سی بی میڈیکل ٹیم بھی موجود ہوگی۔ آئی سی سی کی جانب سے اگر پی سی بی کی میڈیکل ٹیم اور یاسر شاہ کے موقف کو تسلیم کیا گیا تو دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے یاسر شاہ کے متبادل کھلاڑیوں کے لیے ذوالفقار بابر کو تیار رہنے کے لیے گرین سگنل دیدیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی فزیو نے بھی وضاحت مانگی ہے کہ اگر انہوں نے یاسر شاہ کو کوئی میڈیسن استعمال کرائی ہے اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کیوں نہیں بتایا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ آج بروز پیر باقاعدہ پریس کانفرنس میں بتایا جائے گا جس میں نوجوان کھلاڑی یاسر شاہ بھی موجود ہونگے۔