لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے سابق کرکٹرز رمیز راجہ اور محمد یوسف کے درمیان تلخ کلامی، دونوں طرف سے تندوتیز جلموں کا تبادلہ، رمیز راجہ نے محمد یوسف کو جھوٹا مولوی قرار دیدیا۔سابق کرکٹرز رمیز راجہ اور محمد یوسف نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک تھے کہ دونوں میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہو گیا۔ رمیز راجہ نے غصے کے عالم میں محمد یوسف کو کھری کھری سنائیں اور انھیں جھوٹا مولوی قرار دیدیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ داڑھی رکھ کر جھوٹ بولنا چھوڑ دیں۔ میں نے محمد یوسف جیسا گھٹیا انسان آج تک نہیں دیکھا۔ ان الفاظ کا س±ننا ہی تھا کہ محمد یوسف سیخ پا ہو گئے۔ انہوں نے جوابا کہا کہ رمیز راجہ جیسے بے شرم آدمی سے اسی بات کی توقع کی جا سکتی ہے۔ ان جیسے لوگوں نے آج تک کرکٹ میں کچھ نہیں کیا، انھیں صرف باتیں ہی کرنا آتی ہیں۔ ایسے لوگ خود تو داڑھی رکھ نہیں سکتے، دوسروں پر تنقید شروع کر دیتے ہیں۔ محمد یوسف نے کہا کہ رمیز راجہ جتنے بڑے کھلاڑی ہیں مجھے علم ہے۔ انہوں نے 57 ٹیسٹ میچوں میں صرف دو سنچریاں ہی بنائی ہیں۔ رمیز راجہ جیسے لوگوں کو کرکٹ پر بات ہی نہیں کرنا چاہیے۔ رمیز راجہ کو کرکٹ پر بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ رمیز راجہ کو صرف انگلش بولنا آتی ہے۔ وہ صرف انگلش کے ٹیچر ہیں اور کچھ بھی نہیں ہیں۔یہ بات سنتے ہی رمیز راجہ نے کہا کہ محمد یوسف کو تو ٹھیک طرح اردو بھی بولنی نہیں آتی۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے میزبان سے کہا کہ وہ اگر محمد یوسف جیسے مکار لوگوں کو اپنے پروگرام میں بلاتے ہیں تو انھیں شریک ہونے کی دعوت نہ دیا کریں۔ اس کے جواب میں محمد یوسف نے الزام عائد کیا کہ مکار تو رمیز راجہ ہیں جو اپنے گھر والوں پر بھی مقدمہ کر دیتے ہیں۔ میں نے رمیز راجہ جیسا گھٹیا انسان اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔
چینل پر تلخ کلامی رمیز راجہ نے محمد یوسف کو ”جھوٹا مولوی“ قرار دیدیا
Dec 28, 2015