واپڈا نے نیشنل بیس سال چیمپئن شپ 2015ءکا ٹائٹل جیت لیا

Dec 28, 2015

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان واپڈا نے 21ویں نیشنل بیس بال چیمپئن شپ 2015ءکا ٹائٹل جیت لیا۔ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب سپورٹس کمپلیکس میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے فائنل میں واپڈا نے آرمی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد صرف ایک سکور کے فرق سے ہرایا۔ فائنل میچ کی 9 اننگز تک کوئی ٹیم سکور نہ کر سکی۔ جس پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید خاور شاہ نے فائنل میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے اگلی اننگز کو ناک آوٹ قرار دیدیا۔ جس میں آرمی ٹیم دو جبکہ واپڈا ٹیم نے تین سکور بنائے۔ ہائر ایجوکیشن کمشن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین سابق آئی جی پنجاب پولیس شوکت جاوید تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر سید خاور شاہ، محسن خان، ادریس حیدر خواجہ، خلیل احمد، چوہدری شفقت امین، شاہد رضا بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین فیڈریشن کا کہنا تھا کہ نیشنل چیمپیئن شپ میں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے سال امریکہ میں منعقد ہونے والے ورلڈ بیس بال کلاسک کوالیفائر میں پاکستان ٹیم نے کوالیفائی کیا جس کی تیاری کے لیے پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا 8 ماہ کا تربیتی کیمپ عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹاون لاہور میں لگایا جائے گا۔

مزیدخبریں