لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی اور تخریب کاری کی وارداتوں میں بھارت سرکار اور اس کی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں، سی پیک میں بلوچستان کا اہم کردار ہے‘ اس لئے اسے خاص طور پر نشانہ بنایا جارہا ہے، بیرونی قوتوں کو پاک چین راہداری منصوبہ برداشت نہیں ہو رہا۔ جماعۃالدعوۃ ‘بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں رفاہی و فلاحی منصوبہ جات کی تکمیل جاری رکھے گی۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیریوں کی تحریک آزادی نے مضبوط حیثیت اختیا رکی ہے۔ بھارت آٹھ لاکھ فوج کے ذریعہ بدترین ظلم و بربریت کے باوجود نہتے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ بھارت کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے ،کشمیر میں جاری مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کنٹرول لائن پر فائرنگ کرتا ہے اور پھر پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا شروع کر دیا جاتا ہے۔مقبوضہ کشمیر کی تحریک خالصتا کشمیریوں کی اپنی ہے۔ بھارت کو کشمیریوں کو آزادی دینا پڑے گی ۔کشمیری اپنے امتحان میں سرخرو ہو چکے ہیں۔ وطن عزیز پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے بھارت سرکار کی جانب سے خوفناک سازشیں کی جارہی ہیں۔ بلوچستان میں خاص طور پر تخریب کاری ، دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کو ہوادینے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انڈیا‘ اسرائیل اور دیگر اسلام دشمن قوتوں کے ساتھ مل کرایک بار پھر سے سانحہ مشرقی پاکستان والا ماحول پیدا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے لیے ہمیں متحد ہو کرآواز اٹھانی ہو گی۔ ہم بلوچستان میں 800 کنویں بنا چکے ہیں۔