کراچی (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے سندھ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق دائر درخواست پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو شفاف پانی کی تقسیم کاری سے متعلق کمشن بنانے کا حکم دے دیا۔ کمشن کے سربراہ سندھ ہائی کورٹ کے جج ہوںگے۔ سندھ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران چیف سیکرٹری سندھ رضوان میمن اور دیگر افسران سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پیش ہوئے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا صوبے بھر کو گندا اور کھارا پانی فراہم کیا جارہا ہے، جس کے باعث لوگوں کی اموات ہورہی ہیں۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس د ئیے صوبہ سندھ بھی پاکستان کا حصہ ہے۔ صاف پانی کی فراہمی حکومت کا کام ہے۔ کراچی میں بھی پینے کے پانی کے مسائل ہیں۔ جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے صاف پانی کی فراہمی اور تقسیم کاری سے متعلق کمشن بنانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ ایک ہفتے میں کمشن کیلئے جج کا تقرر کریں۔ کمشن درخواست گزار کے الزامات کی تحقیقات کرکے 6 ہفتوں میں رپورٹ پیش کرے۔
سپریم کورٹ: سندھ میں شفاف پانی کی تقسیم کیلئے کمشن بنانے کا حکم
Dec 28, 2016