گھر نہیں بیٹھوں گا منفی پراپگینڈا کرنے والوں کومنہ کی کھنا پڑیگی :نواز شریف

Dec 28, 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نے اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیاہے۔ گزشتہ روز سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر محمد نواز شریف کی صدارت میں جاتی عمرہ میں مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں اب گھر نہیں بیٹھوں گا بلکہ آئین کی حکمرانی اور ووٹ کے تقدس کی بحالی کا پیغام گھر گھر پہنچائوں گا۔ نواز شریف نے کہا کہ ان کی تحریک عدل کسی کے خلاف نہیں بلکہ حصول انصاف کیلئے ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی رابطہ مہم تیز کی جائے۔ اس موقع پر 31 دسمبر کو کوٹ مومن میں جلسہ عام کی تیاریوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مریم نواز شریف، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر مملکت بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا، سینیٹر پرویز رشید، وزیر مملکت مریم اورنگزیب، دانیال عزیز، طلال چودھری، حنیف عباسی، مسلم لیگ (ن) سرگودھا کے ضلعی صدر شاہنواز رانجھا، وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی اور دیگر شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں رابطہ عوام مہم، ملکی سیاسی صورتحال، الیکشن 2018ء اور 31 دسمبر کے کوٹ مومن کے جلسے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نواز شریف کا مزید کہنا تھا ہماری جدوجہد ذاتی مفادات کیلئے نہیں بلکہ ملک اور اسکے عوام کیلئے ہے۔ منفی تاثر پیش کرنے والے سیاسی مخالفین کے چہروں سے نقاب اتر چکا ہے اور عوام انہیں اچھی طرح جانتے ہیں۔ منفی پراپیگنڈ ا کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑیگی۔ نواز شریف نے کہا ہزارہ موٹروے کی تعمیر میرا اور ہزارہ کے عوام کا مشترکہ خواب تھااوراللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس خواب کی تعبیر ممکن ہوئی ہے، یہ ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ ہے۔ ابھی اور بہت سے خوابوں کی تعبیر کا حصول ممکن بنانا ہے۔

مزیدخبریں