انصاف میں تاخیر برداشت نہیں کریں گے: چیف جسٹس بلوچستان

Dec 28, 2017

سبی (نامہ نگار) چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ محمد نور مسکانزئی نے کہا ہے کہ جوڈیشل انصاف کی فراہمی کیلئے فیصلے بروقت دیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں انصاف میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔ جوڈیشل سے جو توقعات ہیںوہ پوری ہونی چاہئیں ‘معاشرے میں کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہو گا، اس کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سانحہ 8اگست کے شہید وکلاء کے ورثاء کو جتنا ممکن ہوسکے گا/ صوبائی حکومت ملازمتیں فراہم کر ے جو ہمارے اختیار میں ہے ہم درجہ چہارم کی ملازمتیں دیں گے/ گوادر میں سمندری پانی کو میٹھا کرنے کیلئے ایک پلانٹ لگایا جائیگا جس کیلئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو مراسلہ ارسال کیا ہے سبی یونیورسٹی نام کے باعث گزشتہ پانچ سال سے تعطل کا شکار ہے۔ اس سلسلے میں ہمارے پاس ایک پٹیشن لگی ہوئی ہے جلد منطقی انجام تک پہنچ جائیگا۔ جوڈیشل افیسران کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے آنیوالے سال میں اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ میں شہداء وکلاء کے نام سے منسوب نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افتتاحی تقریب سے جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جمال خان مندوخیل‘ جسٹس ہاشم خان کاکڑ ‘ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان امان اللہ خان کندرانی‘‘ صدر بلوچستان بار ایسوسی ایشن شاہ محمد جتوئی‘کامران مرتضی‘ سبی بار کونسل کے صدرسلیم عمر رند نے بھی خطاب کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ سیشن جج محمد رفیق لانگو‘ ایڈیشنل سیشن جج ظہور احمد لانگو‘ ایڈیشنل سیشن جج عنایت اللہ کاکڑ‘ سینئر سول جج عمرانی‘ جوڈیشنل مجسٹریٹ ٹو اسد اللہ ‘ جوڈیشل مجسٹریٹ لہڑی وسیلہ کاکڑ‘ ڈی آئی جی سبی ملک سلیم لہڑی‘ ڈپٹی کمشنر سبی سیف اللہ کھیتران‘ ایس ایس پی بولان عبدالغفور کرد‘ سمیت دیگر افسران‘ وکلاء و عمائدین بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نور محمد مسکانزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جوڈیشل انصاف کی فراہمی کیلئے فوری طور پر کیسز کے فیصلے نمٹائے جائیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔ تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نور محمد مسکانزئی نے ڈسٹرکٹ بار کیلئے بار کونسل کے صدر سلیم عمر رند کو ایک لاکھ روپے کا چیک حوالے کیا۔ قبل ازیں انہوں نے نئی تعمیر شدہ بلڈنگ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور نئی بلڈنگ کے افتتاح کے بعد دعا بھی کی چیف جسٹس آف بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس نور محمد مسکانزئی سمیت دیگر ججز کی آمد پر مہمانوں کو پولیس کے دستے سے سلامی پیش کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ نذر علی القادری نے حاصل کی۔

مزیدخبریں