اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے اچانک دورہ سعودی عرب سے اپوزیشن کے حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کی طرف سے شدید ردعمل آیا ہے۔ میاں شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر ان کے ذاتی طیارے میں سعودی عرب گئے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ میاں شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کیلئے امیدوار نامزد کئے جانے کے بعد 16 ممالک کے سفیروں سے ملاقاتوں کے بعد ان کا سعودی عرب کا دورہ غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے۔ ماضی قریب میں سعودی عرب پاکستان کے معاملات میں ’’دوستانہ مداخلت‘‘ کرتا رہا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہیں۔ شریف خاندان نے جلاوطنی کے ایام سعودی عرب میں گزارے ہیں۔ میاں نوازشریف کی شاہ فہد اور شاہ عبداﷲ سے ذاتی تعلقات تھے۔ لیکن یمن کی جنگ میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں سردمہری آئی تھی۔ ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کیلئے امیدوار نامزدگی کو اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے بھی قبولیت حاصل ہوئی ہے۔ میاں نوازشریف نے فوج کے خلاف بیان بازی کو ترک کر دیا ہے۔ اب انہیں عدلیہ سے بھی محاذ آرائی نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں کی طرف سے میاں شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کو ایک اور ’’این آر او‘‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں ملکی سیاست میں حیران کن تبدیلیاں آنے کا امکان ہے۔
شہباز شریف کی اچانک سعودی عرب روانگی سے اپوزیشن میں کھلبلی‘شدید ردعمل
Dec 28, 2017