گیس بندش کیخلاف چونگی امرسدھو فیروزپورروڈ پر عوام کا احتجاج

لاہور+مصطفی آباد+للیانی+رینالہ خورد + حافظ آباد+ونیکے تارڑ (کامرس رپورٹر+نامہ نگاران) سردی کی شد ت میں اضافہ سے گیس نایاب ہو گئی‘ بیشتر علاقوں میں گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر رہ گیا ۔دوسری طرف سوئی ناردرن گیس کمپنی نے کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون شروع کر دیا‘ صوبائی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں میں لوگ گیس کی بندش کے خلاف سڑکوں پر آگئے انہوں نے محکمہ سوئی گیس اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ‘ صوبائی دارالحکومت میں چونگی امر سدھو میں لوگوں نے فیروز پور روڈ پر آ کر احتجاج کیا ‘ صوبائی دارالحکومت میں بھی بیشتر علاقوں میں سارا دن ہی گیس کا پریشر کم رہا جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ گیس کی بندش کے باعث لوگوں کو متبادل توانائی کی طرف رجوع کرنا پڑا ۔ کوئلہ اور ایل پی جی بلیک میں فروخت ہونے لگی ۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔ شہروں میں چار گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں اٹھ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ مصطفی آباد/ للیانی میں صبح ‘ شام کے اوقات تین تین گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری‘ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا‘ متعدد بار رابطہ کرنے کے باوجود سوئی انتظامیہ کی خاموش تماشائی بن گئی۔رینالہ خورد میں بجلی ایک سے دو گھنٹے تک بند کردی جاتی حالانکہ حکومت کئی بار لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کرچکی ہے مگر اعلان محض بڑھکیں نکلیں، فیروزوالہ میں دو گھنٹے بجلی بند رہتی۔ تاجر اور سماجی تنظیموں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ حافظ آباد میں بجلی محلہ کے مکینوں نے گزشتہ کئی روز سے گیس کی بندش کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعر ے بازی کی۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر شہریوں کی پریشانیوں کا ازالہ نہ کیا گیا تو سوئی گیس دفاتر کے گھیرائو پر مجبور ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن